چین کے صدر شی جن پھنگ نے 28 جولائی کی صبح بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے سلوواکیہ کے صدر پیٹر پیلیگرینی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے کہا کہ 2024 میں چین اور سلوواکیہ کے تعلقات کو تزویراتی شراکت داری کی سطح تک فروغ دیا گیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اعتماد میں مسلسل اضافہ، مختلف شعبوں میں تعاون کے مثبت نتائج اور روایتی دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سلوواکیہ کے ساتھ مل کر باہمی احترام، اعتماد، مساوات، باہمی مفاد، استحکام اور پائیداری پر مبنی چین۔سلوواکیہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس کے ثمرات سے مزید مستفید ہو سکیں۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ مرحلے میں دونوں ممالک کو چار اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ اول، تزویراتی اعتماد کو مزید مستحکم کرتے ہوئے ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے۔ دوم، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دے کر مشترکہ ترقی کو فروغ دیا جائے۔ سوم، عوامی روابط میں اضافہ کر کے روایتی دوستی کو مزید فروغ دیا جائے۔ چہارم، بین الاقوامی عدل و انصاف کے تحفظ اور عالمی گورننس میں اصلاحات کے لیے مشترکہ کردار ادا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ یورپی یونین کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے اور خلوص و خیرسگالی کے ساتھ چین۔یورپی یونین تعلقات کو فروغ دینے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ شی جن پھنگ نے امید ظاہر کی کہ سلوواکیہ یورپی یونین کے اندر چین اور یورپ کے درمیان اتفاقِ رائے کو فروغ دینے، اختلافات کو مناسب انداز میں حل کرنے اور چین۔یورپی یونین تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔
