یکم اگست کو شائع ہونے والے **”چھیوشی”** میگزین کے 15ویں شمارے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ کا اہم مضمون **”صحت مند چین کی تعمیر میں تیزی”** شائع کیا جائے گا۔
مضمون میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ 2035 تک صحت مند چین کی تعمیر مکمل کرنا مرکزی قیادت کا ایک اہم تزویراتی فیصلہ ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ چین ایک بڑی آبادی والا ترقی پذیر ملک ہے، جہاں شہری و دیہی علاقوں اور مختلف خطوں کے درمیان اب بھی نمایاں تفاوت موجود ہے۔ اسی تناظر میں صحت کو ترجیح دینے والی ترقیاتی حکمت عملی پر عمل درآمد اور چینی خصوصیات کے حامل صحت و طبی نگہداشت کے ترقیاتی راستے کو اپنانا ناگزیر ہے۔
مضمون کے مطابق صحت مند چین کی تعمیر ایک جامع اور منظم منصوبہ ہے، جس کے لیے عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانا، معیاری اور مؤثر طبی خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانا اور صحت مند و مہذب طرزِ زندگی کو فروغ دینا ضروری ہے۔
مضمون میں مزید زور دیا گیا ہے کہ صحت مند چین کی تعمیر کے لیے مؤثر ضمانتیں فراہم کی جائیں۔ اس مقصد کے لیے صحت کے تصور کو عوامی پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد کے تمام مراحل میں شامل کیا جائے، سرکاری ہسپتالوں کے اصلاحاتی عمل اور طبی بیمہ کی ادائیگی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ ملک بھر میں صحت کے شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن اور ذہین ترقی کو بھی فروغ دیا جائے۔
