چین کی ہانگینگ ٹریڈ کمپنی (ایس ایم سی-پرائیویٹ) لمیٹڈ اور آسٹریلیا کی ماسٹر لیپ گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان گوادر فری زون میں سی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریل پارک کے قیام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔
معاہدے کے تحت اس منصوبے میں تقریباً 5 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
ایم او یو کے مطابق مجوزہ انڈسٹریل پارک میں جدید سی فوڈ پروسیسنگ سہولیات، انفرادی فوری منجمد (IQF) نظام، ریفریجریٹڈ گودام، پیکیجنگ یونٹس، معیار کی جانچ کے لیے تجربہ گاہیں اور کولڈ چین لاجسٹکس کا جدید نظام قائم کیا جائے گا۔
ہانگینگ ٹریڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اینڈی لیاؤ نے گوادر پرو کو بتایا کہ منصوبے پر تعمیراتی کام آئندہ چھ ماہ کے دوران شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس کے پہلے مرحلے کی تجارتی سرگرمیوں کا آغاز جون 2028 کے آس پاس متوقع ہے۔
دونوں کمپنیوں کے مطابق منصوبے پر عملی کام شروع کرنے سے قبل فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کی جائے گی، مشترکہ کمپنی (جوائنٹ وینچر) قائم کی جائے گی اور مالی وسائل کے حصول کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پارک کے ذریعے چین، آسٹریلیا، مشرقِ وسطیٰ، جنوب مشرقی ایشیا اور یورپ کی منڈیوں کو سی فوڈ برآمد کیا جائے گا۔
مفاہمتی یادداشت میں پائیدار ذرائع سے سی فوڈ کے حصول، ماحولیاتی تحفظ، مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور مقامی ماہی گیروں سے طویل المدتی بنیادوں پر سی فوڈ کی خریداری جیسے نکات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
