چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چین نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر امن مذاکرات کا آغاز کریں۔
یہ بات چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے پیر کے روز ایک باقاعدہ پریس بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر اس اقدام کی حمایت کرتا ہے جو کشیدگی میں کمی، صورتحال کو معمول پر لانے اور مذاکرات کی بحالی میں مددگار ثابت ہو۔
ماؤ نِنگ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا، جس کا مقصد جاری تنازع کو روکنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے ثالثی کردار کی حمایت کرتا ہے۔ چین پاکستان اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطوں اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے تاکہ مشترکہ طور پر امن کو فروغ دیا جا سکے، کشیدگی کا خاتمہ کیا جا سکے اور خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے
