12 فروری کو چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں غیر ملکی میڈیا کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ اپریل میں دورۂ چین سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سربراہانِ مملکت کی سفارت کاری چین۔امریکہ تعلقات میں اسٹریٹجک رہنمائی کا ایک ناقابلِ متبادل کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں صدور کے درمیان حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے اپریل میں چین آنے کی خواہش ظاہر کی، جبکہ صدر شی جن پھنگ نے بھی صدر ٹرمپ کو دورۂ چین کی دعوت کا اعادہ کیا۔ اس معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان رابطہ اور مشاورت جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین اور امریکہ کے اقتصادی و تجارتی تعلقات کی بنیاد باہمی مفاد اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون ہے۔ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ سربراہانِ مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ کوششیں کریں، تاکہ چین۔امریکہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت میں مزید استحکام اور اعتماد پیدا کیا جا سکے۔
